ٹوئٹر پر فیس بک، انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لنکس پوسٹ پر پابندی عائد

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر نے فیس بک، انسٹاگرام سمیت دیگر حریف سوشل میڈیا سائٹس کے لنک پوسٹ کرنے پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ جو اکاؤنٹس صارفین کو متبادل پلیٹفارم کی ہدایت کرتے ہیں انہیں معطل کردیا جائے گا۔

سوشل میڈیا سائٹس کے لنکس پرپابندی کے باوجود ٹوئٹرپراشتہارات کی اجازت ہوگی۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے بہت سے صارفین دیگر سوشل میڈیا پلیٹفارمز پر بھی متحرک ہیں تاہم اب ٹوئٹر کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹفارم کی فری پروموشن کی اجازت نہیں دیگا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی ایسا مواد حذف کر دے گی جو فیس بک، انسٹاگرام، مسٹوڈان، ٹرتھ سوشل، ٹرائبل، اور نوسٹر جیسے سوشل میڈیا پلیٹفارم کے اکاؤنٹس سے جڑا ہوا ہوگا۔

ٹوئٹر نے اپنے بیان میں ان میں سے کچھ ویبسائٹوں کو اپنا مضبوط متبادل قرار دیتے ہوئے نئی پابندی کا اعلان کیا ہے تاہم پروفیشنل نیٹورکنگ پلیٹفارم لنکڈ ان اور چین کے شارٹ ویڈیو پلیٹفارم ٹک ٹاک کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے اتوار کے روز جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جو اکاؤنٹ بنیادی طور پر دیگر سوشل میڈیا پلیٹفارمز کے مواد کی پروموشن کے مقاصد کیلئے استعمال کیے جائیں گے ایسے اکاؤنٹس کو معطل کر دیا جائے گا تاہم دیگر سوشل میڈیا ویبسائٹس سے ’’کراس پوسٹنگ‘ کی اب بھی اجازت ہوگی۔