بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بچپن میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت ان دنوں ایک رئیلیٹی شو’لاک اپ’کی میزبانی کررہی ہیں جس میں حال ہی میں اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے اپنے بچپن میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنے کو یاد کیا۔
منور نے کہا کہ میں نے یہ چیز کبھی کسی سے شیئر نہیں کیا، میں 6 سال کا تھا جب مجھے بھی کسی رشتے دار کی جانب سے جنسی ہراساں کیا گیا تھا۔
کنگنا نے منور کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہر سال بہت سارے بچے اس سے گزرتے ہیں لیکن ہم عوامی پلیٹ فارم پر اس کے بارے میں بات کرنے سے گریز کرتے ہیں’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ہم سب کو کسی نہ کسی موقع پر نامناسب طور پر چھوا گیا ہے، میں نے بھی بچپن میں ان چیزوں کا سامنا کیا، ہمارے شہرکا ایک نوجوان لڑکا مجھے نامناسب طریقے سے چھوتا تھا۔ اس وقت، میں نہیں جانتی تھی کہ اس کا کیا مطلب ہے’۔
کنگنا نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کا خاندان کتنا ہی محفوظ ہے، تمام بچے اس سے گزرتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ جنسی ہراسانی کا شکار ہونے کے بعد آپ کو ہی اس کا مجرم بنادیا جاتا ہے، یہ ہمارے معاشرے میں بچوں کے لیے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔
کنگنا نے کہا کہ جنسی ہراسانی کا شکار بچے نفسیاتی طور پر صدمے کا شکار ہوتے ہیں ، انہیں زندگی میں لاتعداد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔