دیپیکا کی والدہ نے میری فیشن سینس کو قبول کرنے میں کافی وقت لگایا: رنویر سنگھ

eAwazفن فنکار

بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ اہلیہ دیپیکا کی والدہ نے ان کے فیشن سینس کو قبول کرنے میں کافی وقت لگایا۔

رنویر سنگھ بالی وڈ کے وہ چلبلے اداکار ہیں جو اکثر اپنے کپڑوں کے اسٹائل کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں، رنویر کے کپڑوں کا انتخاب اتنا انوکھا ہوتا ہے کہ میڈیا باقاعدہ ان کے انٹرویوز لیتا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے پہناوے کے خوب چرچے ہوتے ہیں۔

اب حال ہی میں اداکار نے فلم ساز کرن جوہر کے پروگرام ‘کافی وِد کرن’ میں دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
رنویر سنگھ نے کہا کہ ‘شادی کے شروع میں مجھے دیپیکا کی فیملی کے ساتھ کافی مشکل سے ایڈجسٹ ہونا پڑا’، اس کے علاوہ رنویر نے اپنے کپڑوں پر دیپیکا کی والدہ کی جانب سے دیے جانے والے ردعمل کا بھی بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں اب بھی خود کو ان کی نظر میں بہتر بنانے کا کام کر رہا ہوں، اب میرے دو وارڈ روبز ہیں، جب میں اپنے سسرال جاتا ہوں تو سادے کپڑے پہنتا ہوں جیسے کہ جینز کے ساتھ سفید ٹی شرٹ’۔

رنویر سنگھ نے کہا کہ ‘شروع میں آنٹی نے میرے کپڑوں کو دیکھ کر کہا تھا کہ یہ کیا ہے، یہ کون ہے، شروع میں مجھے ان کا دل جیتنے میں بہت وقت لگا لیکن اب وہ میری ماں جیسی ہیں ‘۔

واضح رہے کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نومبر 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔