بھارتی آنجہانی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کی موت کے انتقام سے متعلق ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے حوالے سے خبریں بھارت میں انٹرنیٹ پر وائرل ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیرج بوانا نامی ایک گینگسٹر کی جانب سے سدھو موسے والا کی موت کا انتقام لینے کا اعلان کیا گیا ہے، نیرج بوانا ایک نامور گینگسٹر ہے جس کے کارندے دہلی، ہریانہ، پنجاب اور راجستھان میں پھیلے ہوئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فیس بُک پوسٹ کس نے لکھی ہے لیکن اس پوسٹ کے سارے سرے نیرج بوانا سے ہی ملتے ہیں۔
بھارتی میڈیا پر وائرل ہونے والی انتقامی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’سدھو موسے والا دل میں دھڑکتا تھا اور بھائی تھا، دو دن میں نتیجہ دے دیں گے۔‘
انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ مزکورہ پوسٹ میں نیرج بوانا کو ٹیگ کیا گیا ہے، نیرج بوانا جنہیں قتل اور تاوان کے کئی مقدمات کا سامنا ہے اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں۔