پاکستان کے معروف گلوکار اور میوزک بینڈ اسٹرنگز کے سابق ممبر بلال مقصود نے وزیر اعظم بننے پر کیے جانے والا پہلے اقدام سے متعلق اظہارِ خیال کیا ہے۔
بلال مقصود جیو نیوز کے پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ کے مہمان بنے جس کی قسط آج شب 11 بجے جیو نیوز پر نشر کی جائے گی۔
تاہم سوشل میڈیا پر شو کے ایک ٹیزر کے خوب چرچے ہو رہے ہیں جس میں میزبان تابش ہاشمی بلال مقصود سے سوال کرتے ہیں کہ ‘فرض کریں آپ وزیر اعظم بن چکے ہیں، شروع میں کون سے دو اقدام کریں گے؟’
گلوکار نے جواب دیا کہ ‘میں ایک ہی اقدام کروں گا، پاکستان کا نام امریکا رکھ دوں گا پھر سب ٹھیک ہوجائے گا’۔
بلال مقصود کا یہ دلچسپ جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین مزے مزے کے تبصرے کر رہے ہیں جب کہ گلوکار کی حاضر دماغی کو بھی خوب سراہ رہے ہیں۔