روسی افواج پر یوکرین میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے الزام کے بعد روس کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلوانے کیلئے امریکا سرگرم ہوگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق روس کی بےدخلی کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ آج ہوگی، اسمبلی ارکان کی 2 تہائی اکثریت کسی بھی ملک کو معطل کرسکتی ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ قرارداد میں یوکرین میں جاری انسانی حقوق، انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی روس کیخلاف 2 قراردادیں پہلے بھی منظور کرچکی ہے۔
دوسری جانب روس نے یوکرین پر روسی جنگی قیدیوں پر تشدد کے الزام پر اقوام متحدہ، او ایس سی ای اور ریڈ کراس سےنوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کا یوکرین پر جنگی قیدیوں کے تبادلے میں حائل ہونے کا بھی دعوی سامنے آیا ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین نے 38 روسی اہلکاروں کا تبادلہ مسترد کر دیا ہے، جبکہ 251 یوکرینی جنگی قیدیوں کو حوالے کرنے کے لیے ہم تیار ہیں۔
نیوز سورس جنگ نیوز