واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کی مذمت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم بی جے پی کے 2 رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم ﷺ سے متعلق گستاخانہ بیانات کی مذمت کرتےہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ بھارت کی حکومت انسانی حقوق کا احترام کرے گی۔امریکا اس سلسلے میں بھارت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انسانی وقار، مساوی مواقع اور آزادی مذہب کا احترام کیا جانا چاہئیے۔ یہ کسی بھی جمہوریت میں یہ اقدار بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کوپاکستانی ہم منصب بلاول بھٹوزرداری سے ملنے کا موقع ملا۔یہ ملاقات اچھی اور تعمیری رہی جس میں میں غذائی تحفظ کے مسئلے سمیت تمام دیگرمسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان ہمارا شراکت دار ہے اور ہم اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کےطریقے تلاش کریں گے۔