امریکی وزیر خارجہ کا پاکستان پر چین سے قرضوں میں ریلیف لینے کیلئے زور

eAwazورلڈ

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے سبب قریبی دوست ملک چین سے قرضوں میں ریلیف حاصل کرے۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے لیے مضبوط امریکی مدد کا وعدہ کیا ہے جس کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے زیر آب ہے جس کا رقبہ پورے برطانیہ کے برابر ہے۔

واشنگٹن میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم ایک سادہ پیغام بھیجتے ہیں کہ ہم پاکستان کے لیے اسی طرح ہیں جیسے ماضی کی قدرتی آفات کے دوران تھے اور دوبارہ تعمیر کے منتظر ہیں۔

انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ ‘میں نے اپنے ساتھیوں پر قرضوں میں ریلیف اور تنظیم نو کے کچھ اہم معاملات پر چین کو شامل کرنے کے لیے زور دیا تاکہ پاکستان زیادہ تیزی سے سیلاب (کی تباہ کاریوں) سے نکل سکے’۔

چین پاکستان کا ایک اہم اقتصادی اور سیاسی پارٹنر ہے جو 54 ارب ڈالر کے اقتصادی راہداری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے جس میں انفرا اسٹرکچر تعمیر کر کے بیجنگ کو بحر ہند تک رسائی فراہم ہوگی۔

واشنگٹن، جس کا اسلام آباد کے ساتھ اتحاد متزلزل ہوگیا تھا، بارہا الزام لگاتا رہا ہے کہ چین اس منصوبے سے فائدہ اٹھائے گا جبکہ پاکستان کو غیر معمولی قرضوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکا چین کو اپنا سب سے بڑا حریف سمجھتا ہے، جس کے انتباہات کو بار بار پاکستان کی جانب سے مسترد کردیا گیا۔