مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کی سربراہی چھوڑنے کے لیے شرط رکھ دی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کا سربراہ رہنے یا عہدہ چھوڑنے سے متعلق ٹوئٹر صارفین کی رائے معلوم کی تو بیشتر نے انہیں عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا جس کے بعد انہوں نے بھی بتا دیا کہ وہ کب اور کن شرائط پر عہدہ چھوڑ دیں گے۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اپنے گزشتہ ووٹنگ پول کے نتائج سامنے آنے کے بعد جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جیسے ہی کوئی احمق سی ای او کی پوسٹ کے لئے مل گیا میں سربراہی سے اسی دن استعفیٰ دے دوں گا اور صرف سوفٹ ویئر اور سرورز کی ٹیموں سے کام لوں گا‘۔
یاد رہے کہ سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ دنوں ایلون مسک نے ٹوئٹر کا سربراہ رہنے یا عہدہ چھوڑنے سے متعلق ووٹنگ کی جس کے نتیجے میں 57.5 فیصد ووٹرز نے انہیں ٹوئٹر کے سربراہ کا عہدہ چھوڑنے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 42.5 ووٹرز نے عہدہ چھوڑنے کی مخالفت کی۔