Congress leader Sedaramia likened BJP leaders to hounds

کانگریس لیڈر سدارامیا نے بی جے پی رہنماؤں کو شکاری کتوں سے تشبیہ دے دی

eAwazورلڈ

بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے لیڈر، سدارامیا نے بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کو شکاری کتوں سے تشبیہ دی ہے۔

بھارتی ریاست کرناٹکا کے سابق وزیراعلیٰ، کانگریس لیڈر سدارامیا کی جانب سے بی جے پی رہنماؤں کو شکاری کتے کہنے پر بھارت میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

سدارامیا کی جانب سے بی جے پی کے خلاف دیئے گئے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ جب میں کوئی بیان دیتا ہوں تو بی جے پی کے 25 شکاری کتے میرے خلاف بولنے لگ جاتے ہیں، مگر جب اُن میں سے کوئی ایک بیان دیتا ہے تو ہماری جماعت کا کوئی رہنما جواب نہیں دیتا سوائے میرے۔

انہوں نے یہ بیان کتابوں کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران دیا۔

سدارامیا کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے رہنما بات نہیں کرتے، اسی لیے ہم نے اپنے دفاتر سے کتابیں تقسیم کی ہیں۔

واضح رہے کہ بی جے پی جماعت اپنے حالیہ اسلام اور پیغمبرِ اسلام ﷺ کے خلاف دینے والے پیغامات پر بھارتی دیگر جماعتوں سمیت دنیا بھر میں ذ.لیل ہو رہی ہے۔

اس سے قبل شیو سینا جماعت کے صدر اودھو ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ بی جے پی جماعت دنیا بھر میں بھارت کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہی ہے۔

اودھو ٹھاکرے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بی جے پی کی ترجمان کے ایک بیان کے سبب بھارت کو عرب ممالک کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

یہ بھارت کے لیے بہت شرمندگی کی بات ہے، یہ جرم بی جے پی نے کیا ہے اور دنیا بھر میں پورا بھارت بدنام ہو رہا ہے۔