اسمبلیاں توڑنا ملک اور معیشت کیلئے نقصان دہ ہوگا: پرویز الہٰی

eAwazپاکستان

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر کے عمران خان کو دے چکا ہوں مگر اسمبلیاں توڑنا ملک اور معیشت کیلئے نقصان دہ ہوگا۔

اپنے ایک انٹرویو میں پرویز الہٰی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں چلتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سولو فلائٹ نواز شریف بھی کرتے تھے سو فارغ ہو گئے، جنرل فیض حمید ڈنڈی نہ مارتے تو عمران خان کسی کو جیلوں میں بھی بند نہ کراتے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ عثمان بزدار نے پنجاب کا بیڑا غرق کر دیا تھا، میں نے چار ماہ میں سب ٹھیک کیا ، ایک دن آرام نہیں کیا مگر اب اوپر سے ڈنڈا چل گیا تو چل گیا۔

انہوں نے چوہدری شجاعت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ ان کے ساتھ ہی پڑھا۔

اپنے انٹرویو میں پرویز الہٰی نے نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ سے کہا تھا کہ شہباز سے نواز شریف بہتر ہیں، نواز شریف اور مریم میں سیاست کو دور تک دیکھنے کی صلاحیت ہے اور اسی لیے ان کا احترام بھی کرتا ہوں۔