وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا میں پاکستان کے خلاف ایک پروپیگنڈا اور تاثر پیدا کیا گیا ہے۔
نیویارک میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار بار رابطوں سے اس تاثر کو توڑنا پڑے گا تاکہ تعلقات میں مزید بہتری آئے اور معاشی تعلقات بہتر ہوں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک دن میں تو سب مسائل حل نہیں ہوتے مگر پچھلے 6 سے 7 ماہ میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
قبل ازیں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے زیر اہتمام ایک مباحثے سے خطاب کیا جس کا عنوان پائیدار امن اور سیکیورٹی تھا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تنازعے کے فریق دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے، سلامتی کونسل تسلیم شدہ تنازعات کے حل میں کردار ادا کرے۔