وفاقی وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 5 جولائی 1977ء قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج کے دن ڈکٹیٹر نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان جن سیاسی، معاشی، معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے، اس کے تانے بانے ضیاء دور سے ملتے ہیں، ضیاءالحق نے پاکستان کی سیاسی، معاشرتی زندگی میں لسانیت و فرقہ واریت کی سوچ کا زہر گھولا۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ضیاء الحق نے جمہوریت اور وفاق پرست سیاسی جماعتوں پر زمین تنگ کر دی تھی، شہید بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا، ضیاء نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا، کوڑے مارے، جلا وطن ہونے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ضیاء اور اس کی غاصبانہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان کے عوام آج تک ڈکٹیٹر ضیاء کی سوچ اور باقیات سے نبرد آزما ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بیگم نصرت بھٹو، تحریکِ بحالیٔ جمہوریت کے جیالوں، سیاسی کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، تحریکِ بحالیٔ جمہوریت کے دوران عوام نے انتھک جدوجہد کی اور بے مثال قربانیاں دیں۔
وفاقی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئین، جمہوریت، پارلیمانی بالادستی کے محافظ کا کردار ادا کرتی رہے گی، یہ قائد اعظم کے نظریے کی علم بردار جماعت ہے۔
واضح رہے کہ آج سے 45 برس قبل 5 جولائی 1977ء کو سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا تھا۔