Prime Minister warned Imran Khan

حد سے تجاوز کرنے کی ہمت نہ کریں، وزیر اعظم نے عمران خان کو خبردار کردیا

eAwazپاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو پاکستان کی تقسیم کے بارے میں بات کرنے پر تنبیہ کرتے ہوئے انہیں عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یہ تنبیہ ٹوئٹر پوسٹ میں دی جس میں نجی چینل ’بول نیوز‘ کے پروگرام ‘تجزیہ’ کے اینکر پرسن سمیع ابراہیم کے ساتھ عمران خان کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا۔

اس انٹرویو میں سابق وزیر اعظم نے اسٹیبلشمنٹ پر زور دیا کہ وہ صحیح فیصلے کریں اور متنبہ کیا کہ اگر پاکستان نے جوہری صلاحیت کھو دی تو ملک 3 ٹکڑے ہو جائے گا۔

زشتہ شب نشر ہونے والے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال ملک کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے لیے بھی مسئلہ ہے، اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہیں کیے تو میں لکھ کر دیتا ہوں کہ یہ بھی تباہ ہوں گے اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی۔

انٹرویو نشر ہونے کے چند گھنٹے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’عمران نیازی ایسے وقت میں ملک کے خلاف دھمکیاں دے رہا ہے جب میں ترکی میں معاہدوں پر دستخط کر رہا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ثبوت کی ضرورت تھی کہ عمران نیازی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں تو ان کا تازہ ترین انٹرویو اس کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو متنبہ کیا کہ ’اپنی سیاست کریں لیکن حد سے تجاوز اور پاکستان کی تقسیم کی بات کرنے کی ہمت ہرگز نہ کریں‘۔

مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک علیحدہ بیان میں وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا کہ عمران کے ریمارکس اس بات کا ثبوت ہیں کہ پی ٹی آئی کے سربراہ سیاست نہیں، سازش میں ملوث ہیں۔

نیوز سورس ڈان نیوز