پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ممکنہ لانگ مارچ سے قبل مسلم لیگ(ن) کی سینئر قیادت نے شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے منصوبے کو ریاست کے خلاف ’سازش‘ قراردیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شرکا نے کہا کہ عمران خان کا یہ مارچ سیاسی نہیں سازشی ہے اور عمران خان کے لانگ مارچ اور ان کی سازش سے قانون کے تحت نمٹنے کے لیے وزیر اعظم شہباز کو مکمل اختیار دے دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’ پاکستان تحریک انصاف سیاسی لانگ مارچ نہیں کررہے بلکہ سازش کے لیے مارچ ہے’، اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ وزیراعظم کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب کاووائی اور اقدامات کرنے کا اختیار ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ حکومت سائفر آڈیو لیکس میں ملوث افراد کو سزا دے گی، اجلاس میں عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے خیال ظاہر کیا گیا کہ عمراں خان کی بین الاقوامی سازش کا بیانیہ ان کی اپنی آڈیو لیکس نے غلط ثابت کردیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ’سائفر پلاٹ‘ کی تحقیقات اور ملوث افراد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔