Channel 5 reporter Sadaf Naeem died

عمران خان کے لانگ مارچ کی کوریج کے دوران کنیٹنر کے نیچے آنے سے چینل 5 کی رپورٹر صدف نعیم جاں بحق

eAwazپاکستان

عمران خان کے لانگ مارچ کی کوریج کے دوران کنیٹنر کے نیچے آنے سے چینل 5 کی رپورٹر صدف نعیم جاں بحق

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کی کوریج کے دوران کنیٹنر کے نیچے آنے سے نجی چینل ’چینل 5‘ کی رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہو گئیں۔

چینل 5 کے مطابق صحافی صدف نعیم پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر سے گر کر اس کے نیچے آگئیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران پنجاب میں سادھوکی کے قریب حادثہ رونما ہوا، جس کے سبب ایک خاتون جاں بحق ہو گئی، عمران خان فوری طور پر کنٹینر سے اترے اور حادثے کا جائزہ لیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک ہمیں 100 فیصد شناخت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے، کچھ خبریں بہت بری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مارچ پُرامن طور پر آگے بڑھ رہا ہے، جو بھی لوگ اس میں حصہ لے رہے ہیں، وہ سب ہمارے لیے اور اس ملک کے لیے بہت اہم ہیں، ان تمام کی زندگیاں ہمارے لیے بہت محترم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ غریق رحمت اور درجات بلند فرمائے، اور تمام فیملی اور سوگواران کے ساتھ تحریک انصاف کی تمام قیادت کی طرف سے بہت افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حادثوں سے بچنا اہم ہے، تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں، اپنی زندگی کا خیال رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج سوگ میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ آج کا لانگ مارچ جو کامونکی پر کر جاکر ختم ہونا تھا، ہم یہیں پر ختم کر رہے ہیں، کل صبح دوبارہ لانگ مارچ شروع ہوگا۔

اسد عمر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے افسوسناک حادثے کے بعد فوری طور پر مارچ کو روک دیا گیا ہے، ان شا اللہ کل کامونکی سے دوبارہ آغاز ہوگا۔

بعد ازاں، سماجی رابطے کے ویب سائٹ پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ آج اپنے مارچ کے دوران پیش آنے والے اندوہناک حادثے جس کے نتیجے میں ’چینل 5‘ کی رپورٹر صدف نعیم ہم سےجدا ہوگئیں، اس پر نہایت رنج و الم کا شکار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کر سکوں، ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، ہم نے اپنا مارچ آج کے لیے منسوخ کردیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور صحافیوں نے بھی ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔