دہشتگردی کی حالیہ لہر اور معیشت کی دگرگوں صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہو رہا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر وزیراعظم بھی شریک ہیں۔
عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جا رہی ہے جبکہ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی ملاقات کی تھی جس میں ملکی سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔