وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ریاض میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
سعودی ولی عہد نے شہباز شریف کا پرتپاک خیر مقدم کیا جس کے بعد وہ وفد کو چھوڑ کر وزیراعظم کو اپنے فارم ہاؤس پر عشائیے میں لے گئے۔ اس دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے گاڑی خود چلائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات بہت خوش گوار رہی، دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور برادرانہ نسبت کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا کہ پاکستانی عوام ان کے دورے کے بے چینی سے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے حالیہ سیلاب کے دوران امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ باہمی تعلقات، دونوں ملکوں، خطے اور دنیا کے لیے اہم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ملاقات کے بعد عمرے کی سعادت کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔
گزشتہ روز بھی وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا