اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت پر چڑھائی کرنے والوں کو ایسے انجام سے دوچار کریں گے کہ کوئی دوبارہ ایسی سوچ بھی نہ رکھے۔
راولپنڈی میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دو دن پہلے عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ رانا ثنا اللہ کو گرفتار نہیں کر سکے، پنجاب حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اینٹی کرپشن نے وارنٹ واپس لے لیا ہے۔یہ سیاسی انتقام کی ایک گھٹیا مثال تھی۔ عمران خان کو چاہیے کو وہ پنجاب حکومت کو ڈس مس کردیں۔
گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کسی ادارے پر الزام لگائے جائیں تو وہ ادارے سربراہ کی اجازت سے اپنا مؤقف سامنے لانے کا حق رکھتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس نے عوام کی بہت مدد کی۔ ایک جھوٹا بیانیہ رد ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی سے شہدا کے گھرانے پر کیا گزرتی ہے۔ایسی پریس کانفرنس ہونی چاہیے۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہم صورت حال کے مطابق اپنی ذمے داری ادا کریں گے۔ یہ اگر اسلام آباد پر چڑھ دوڑنے کے لیے آرہے ہیں تو وہ سمجھ لیں کہ کسی جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسے انجام سے دوچار کیا جائے گا کہ دوبارہ کوئی ایسی سوچ بھی نہ رکھے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سوچ پر ملک بھر کو سوچنا چاہیے۔ارشد شریف کے معاملے پر بہت کچھ سامنے آ چکا ہے۔ کس نے اسے باہر جانے میں مدد کی، کس نے جھوٹا تھریٹ الرٹ جاری کیا، تمام رپورٹ وزیراعظم کو دی جائے گی۔
پنجاب میں گورنر راج کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کا فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے، تاہم اگر کوئی ایسی صورت حال ہوئی تو سمری موو کروں گا۔