Babar's brilliant century, Pakistan team 218 out in the first innings; Second day of the cheek test

بابر کی شاندار سینچری، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 218 پرآؤٹ ؛ گال ٹیسٹ کا دوسرا دن

eAwazکھیل

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔
سری لنکا کی پہلی اننگز 222 رن کے جواب میں پاکستانی ٹیم 218 رن بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان بابر اعظم کی شاندار سینچری ٹیم کو ٹیسٹ میں واپس لے آئی۔

نسیم شاہ نے کپتان کا خوب ساتھ نبھایا، دسویں وکٹ پر 70 رنز کی شراکت بنائی، پاکستان نے 85 رنز پر 7وکٹیں گنوانے کے بعد آخری تین وکٹ پر 133رنز جوڑے۔

سری لنکا نے چار رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنالیے۔

سری لنکا کے واحد آؤٹ ہونے والےکھلاڑی کپتان دیمتھ کرونا رتنے تھے جو کہ 16 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی سینچری کی بدولت پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 24 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو اظہر علی اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے۔

تاہم کھیل کے آغاز سے ہی سری لنکن اسپنرز نے پاکستانی بیٹرز کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرنےکا سلسلہ جاری رہا۔

دوسرے روز پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان لیگ سائڈ پر وکٹوں سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والی سلمان علی آغا بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 73 رنز پر پویلین لوٹ گئی تاہم بابر اعظم لنکن بولرز کے سامنے ڈٹے رہے۔

بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا
ایک موقع پر پاکستان کے 9 کھلاڑی 148 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے تاہم بابر اعظم نے نسیم شاہ کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان 218 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ بابر اعظم 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نسیم شاہ نے 52 گیندوں پر 5 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے کہ سری لنکا اپنی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔