پاکستان سپر لیگ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے با آسانی شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 178 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنائے، محمد نبی47 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان ایک مرتبہ پھر 4 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔ یاد رہے کہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں یہ مسلسل پانچویں ناکامی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اننگ کا شاندار آغاز کیا ، تاہم 66 کے اسکور پر ایلکس ہیلز 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
پی ایس ایل سیون کے میچ میں انوکھا ریکارڈ قائم
پال اسٹرلنگ 30 گیندوں پر 39 رنز بناکر محمد نبی کی بول پر کلین بولڈ ہوگئے، شاداب خان نے اپنی بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 19 گیندوں پر 34رنز اسکور کیے اور بابر اعظم کے عمدہ کیچ پر پویلین کی جانب روانہ ہوئے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی آج کے میچ میں بھی کوئی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور وہ بھی بابر اعظم کے کیچ کی بدولت پویلین کی طرف لوٹ گئے۔
اننگز کی آخری گیند پر اعظم خان آؤٹ ہوئے اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے کرس جورڈن اور عثمان شنواری بالترتیب دو اور ایک وکٹ لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
اسلام آباد کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، کرس جارڈن اور عثمان شنواری ٹیم کا حصہ رہے۔
اس میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز نے ایونٹ میں 4، 4 میچز کھیلے تھے، اسلام آباد نے 2 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کراچی ایونٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی تھی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب تک کھیلے گئے میچز میں ملتان سلطانز 5 میچز جیتنے کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، لاہور قلندرز نے 3 ، پشاور زلمی 2 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک میچ جیتا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے مات دی تھی۔
خیال رہے کہ 27 جنوری سے شروع ہوئے پی ایس ایل 7 کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، ایونٹ میں ملتان سلطانز اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔