دبئی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوسرے گروپ کی ٹیموں سے مقابلے کے لیے تیاری کرنے کا مشورہ دیا ہے۔شعیب اختر نےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کپتان بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھاکہ ’ پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرکے اسکور بورڈ پر جیت کے لیےایک بڑا ہدف دینا اچھاتھا۔‘انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کو میچ کا اچھا آغاز کرنے پر شاباشی دی۔شعیب اختر نے ٹوئٹر پر قومی کرکٹ ٹیم کے لیے جاری کیےگئےاپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کو مشکل وقت میں ڈال سکتی ہے۔‘
انہوں نےاپنا ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ پاکستان کی ایک اور جیت، ٹیم مضبوط اور مثبت سمت میں جارہی ہے۔ شعیب اختر نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ اب دوسرے گروپ کی ٹیموں سے مقابلے کی تیاری شروع کریں۔ وہ اور خصوصاََ انگلینڈ کی ٹیم ہمیں حیران کر سکتی ہے۔
خیال رہے کہ مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پاکستان نے گروپ اسٹیج میں اپنی مسلسل چوتھی کامیابی کے بعد ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔گروپ 2 کے اس میچ میں پاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بناسکی۔ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔