ماسکو: روس نے میزائل تجربے کے دوران اپنا ایک سیٹلائٹ تباہ کرنے کا اعتراف کر لیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ روسی فوج نے میزائل کا ایک کامیاب تجربہ کیا جس کے نتیجے میں ایک روسی سیٹلائٹ تباہ ہو گیاجو کہ 1982 سے زمین کے مدار میں تھا۔
ناسا کے مطابق انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پر موجود عملہ جس میں چار امریکی ، ایک جرمن اور 2 روسی تھے، میزائل دھماکے سے خوفزدہ ہو کر پناہ کیلئے اپنے خلائی جہازوں میں واپس چلے گئے تھے۔
سیکرٹری جنرل نیٹو سٹولٹن برگ نے سیٹلائٹ کو میزائل سے تباہ کرنے کے روسی اقدام کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ دریں اثنا امریکہ کی جانب سے بھی سیٹلائٹ شکن میزائل کے تجربے پر بیان جاری کیا گیا جسے روسی وزارت دفاع نے منافقانہ قرار دیا ہے۔