ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین پر جنگ مسلط کرنے کے بعد روس نے انسانی بنیادوں پر 2 شہروں میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پریوکرین کے 2 شہروں ماریوپل اوروولونواخا میں عارضی جنگ بندی کی جارہی ہے۔ جنگ بندی کا مقصد شہریوں کوانخلا کی سہولت دینا ہے۔ اس سلسلے میں یوکرینی حکام سے بات ہوگئی ہے۔ شہریوں کے انخلا کے دوران کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ماریوپل کے میئر وادیم بوئیچنکو نے روسی فوجیوں کے حملے اور ناکہ بندی کے دوران انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔
روسی خبر رساں ایجنسیوں نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ روس نے جنگ بندی کی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کا اعلان کیا تاکہ شہریوں کو ماریوپول اور وولنوواخا سے نکلنے کی اجازت دی جا سکے۔
سٹی ہال نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ ازوف پر واقع تقریباً ساڑھے 4 لاکھ افراد پر مشتمل جنوبی شہر ماریوپول میں مقامی وقت کے مطابق 9 بجے انخلا شروع کر دیا جائے گا، شہر سے نجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے بےدخلی ممکن ہوگی۔