Series schedule between Pakistan, Sri Lanka women's teams continues

پاکستان، سری لنکا ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریزکا شیڈول جاری

eAwazکھیل

لاہور: پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز سری لنکا کے خلاف سیریز سے کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز یکم جون سے شروع ہوگی جسکے باقی دو میچز تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔

یہ تمام میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں شرکت کے لیے دونوں ٹیمیں 19 مئی کو کراچی پہنچیں گی۔ یہاں تین روزہ ٹریننگ سیشن کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوجائے گا۔ سیریز کے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا یہ تیسرا ایڈیشن ہے۔ پاکستان نے 16-2014 میں کھیلے گئےچیمپئن شپ کے ابتدائی ایڈیشن میں ساتویں جبکہ دوسرے ایڈیشن میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ایڈیشن 20-2017 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سے بہتر پوزیشن حاصل کی تھی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز اپنے ملک میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، وہ سری لنکا کے استقبال کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے ذریعے وہ اپنے کرکٹ سیزن کے نئے سرے سے آغاز کی منتظر ہیں۔ یقین ہے قومی خواتین کرکٹ ٹیم سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اس سیریز کے اختتام پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کے لیے آئرلینڈ پہنچے گی

نیوز سورس ایکسپرس نیوز