ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ’’ستارہِ پاکستان‘‘ کا ایوارڈ وصول کرنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔
ڈیرن سیمی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’’ستارہِ پاکستان‘‘ کا اعزاز وصول کرتے ہوئے تصویر شیئر کردی۔
حکومتِ پاکستان نے کیربیئن کھلاڑی کو یہ اعزاز ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے دیا ہے۔
ڈیرن سیمی نے انسٹاگرام پر لکھا کہ کرکٹ کی وجہ سے مجھے پوری دنیا کا سفر کرنے اور کئی عمدہ مقامات پر کھیلنے کا موقع ملا اور پاکستان یقیناً ایسی ہی ایک جگہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مجھے بالکل گھر جیسا محسوس ہوا، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ’’ستارہِ پاکستان‘‘ کا ایوارڈ وصول کرنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔
ڈیرن سیمی نے پاکستان سپر لیگ کے کئی سیزنز میں بطور کھلاڑی حصہ لیا اور پشاور زلمی کے کوچ بھی رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جب ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 2012 اور 2016 میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ جیتے تو ڈیرن سیمی ہی ٹیم کے کپتان تھے۔