عمران خان ملک کو تباہی کے دہانے پر چھوڑ کر گئے، خواجہ آصف

eAwazپاکستان

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو تباہی کے دہانے پر چھوڑ کر گئے، ہمارے لئے مشکل تھا کہ الیکشن کرائیں یا ملک کو بچائیں۔

اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل رات تیسری بار پیٹرول کی قیمت بڑھانی پڑی، معیشت ہمیں کھنڈرات کی حالت میں ملی، عمران خان اداروں کے خلاف بات کرتے ہیں، اپنی کارکردگی کے بارے میں کبھی بات نہیں کرتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے ملک میں مارکیٹیں رات ایک بجے تک کھلی رہتی ہیں دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا۔ صبح 9،8 بجے کاروبار شروع کرکے مغرب،عشاء کے درمیان بند کرنے سے بجلی کی بڑی بچت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹیں جلدی بند ہوجائیں تو بجلی کی بچت کے باعث تیل کی بچت ہوسکتی ہے، ہمارے تاجر ابھی اس تجویز کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہاتھ جوڑ کے درخواست ہے کفایت شعاری کی طرف جائیں، وقت کا تقاضا ہے ہم اپنی عادات تبدیل کریں، دنیا بھر میں مارکیٹیں شام ساڑھے 6 بجے بند ہوجاتی ہیں۔

خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی سطح پر کسی نے بجلی، تیل اور پانی کی کفایت شعاری کی کوشش نہیں کی، حکومت عوام کو معاشی تحفظ دینے کیلئے پوری کوشش کرے گی، کفایت شعاری وقت کی ضرورت ہے اب یہ ہمارے کلچر کا حصہ بن جانی چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اجتماعی کوشش سے موجودہ حالات کا مقابلہ کرسکتے ہیں، وہ وقت ضرور آئے گا جب مہنگائی بھی ریورس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پی ٹی آئی حکومت نے طے کیں، ان شرائط کو پورا کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دور حکومت کی کوئی بات نہیں کرتے، وہ سازش کے بیانیے میں آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد بھی دفاعی اداروں کو ملوث کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چار سال کی برائی قدم قدم پر ہمارے سامنے رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یوکرین کی جنگ کے باعث اناج، تیل، گندم کی قیمتیں اوپر گئیں، جنگ کے باعث 30 فیصد چیزیں دنیا سے غائب ہوگئیں، کم وسائل رکھنے والے ممالک کو فرق پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین اور روس جنگ بند ہونے سے تیل کی قیمتیں گریں گی، جس کے بعد گنجائش ہوگی کہ عام آدمی کو ریلیف دے سکیں، ہم بین الاقوامی سیاست کی خوفناک کراس فائر کی زد میں آگئے ہیں۔