نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی پاسداری کرنا ہماری مجبوری ہے ورنہ خدشہ ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان موجودہ حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں، شبہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں کیا اور نہ ایک روپیہ اضافی ٹیکس عوام پر نہیں لگایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی جولائی 2019 کے معاہدے کے ثمرات ہیں جو عمران خان نے آئی ایم ایف سے کیا جس کے تحت معیشت کی بربادی کے دستخط کیے گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج حکومت پاکستان کو جو مشکل فیصلے لینے پڑ رہے ہیں ان کی وجہ عمران خان حکومت کے اقدامات ہیں، شہباز شریف بطور وزیراعظم آئی ایم ایف کے اس معاہدے پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے اس معاہدے کے تحت نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنی تھی بلکہ سیلز ٹیکس بھی لگانا تھا جس کے مطابق آج پیٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی، یہ ہے وہ جال جو وہ بچھا کر گئے ہیں جس کا اعتراف خود شیخ رشید صاحب نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری یہ مجبوری ہے کہ اگر اہم اس معاہدے کی پاسداری نہیں کرتے تو پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہوجائے گا۔
نیوز سورس ڈان نیوز