وفاقی وزیر برائے خارجہ اُمور بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کا بیانیہ جھوٹا نکلا، عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری کا سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جو شخص جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمیشن کو دے وہ صادق اور امین نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہوچکے ہیں، کرپشن کے خلاف عمران خان کا بیانیہ جھوٹا نکلا، پی ٹی آئی کی بنیاد ہی کرپشن پر رکھی گئی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو تحقیقات سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کیے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان آج قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے، غیر ملکیوں سے فنڈز لے کر غیر ملکی سازش کا نعرہ لگانا پی ٹی آئی کی منافقت تھی جس کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں سے پیسے لے کر ملکی سیاست کو آلودہ کرنے والے عمران خان عوام کے مجرم ہیں۔