ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ میں انجرڈ شاہنواز دھانی کی جگہ قومی ٹیم میں محمد حسنین کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔
قومی ٹیم نے گزشتہ روز نیٹ پریکٹس کے بجائے صرف جم سیشن کو ترجیح دی اور ٹیم مینیجر منصور رانا کی جانب سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔
اسٹ بولر شاہنواز دھانی سائیڈ اسٹرین کے باعث بھارت کے خلاف میچ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر پہلے ہی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو چکے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں فاسٹ بولر محمد حسنین کو فائنل الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بھارت کے فاسٹ بولر اویش خان بخار میں مبتلا ہیں اور پاکستان کے خلاف میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے جبکہ رویندرا جڈیجا انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہو چکے ہیں، جڈیجا کی جگہ اکسر پٹیل کو پلئینگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔