پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خود ہی جیو نیوز کی خبر کی تصدیق کرکے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو جھوٹا ثابت کردیا۔
اپنے دور حکومت میں صحافیوں پر حملوں کا مذاق اڑانے، پی ایم ڈی اے اور ایک واٹس ایپ فارورڈ کرنے پر جیل بھیجنے اور پیکا جیسے کالے قوانین لانے والے فواد چوہدری بار بار میڈیا پر حملہ آور ہوتے ہیں اور بار بار جھوٹے ثابت ہوتے ہیں۔
اس بار خود عمران خان نے بھی فواد چوہدری کو جھوٹا ثابت کر دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ فواد چوہدری نے اتوار کو کہا تھا کہ سابق امریکی سفارت کار رابن رافیل سے عمران خان کی ملاقات تین سال پہلے ہوئی مگر گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی اس بارے میں عمران خان سے بات نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھاکہ رابن رافیل اگر یہاں ہیں یا آئیں گی تو ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں، وہ ریٹائر ہوچکی ہیں، ان کا امریکی حکومت سے کوئی لین دین نہیں۔
تاہم اب نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سی آئی اے کی تجزیہ کار، سابق سفارت کار اور لابسٹ رابن رافیل سے ملاقات کی تصدیق کر دی، انہوں نے کہا کہ رابن رافیل کو پرانا جانتا ہوں، وہ امریکی حکومت کے ساتھ نہیں تھنک ٹینک کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سابق خاتون امریکی سفارت کار رابن رافیل نے ملاقات کی ہے۔