بالی ووڈ کی معروف اداکار جوڑی رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش ہیں جس کے بعد ان کے مداح پریشان ہوگئے۔
بھارتی میڈیا پر رنویر اور دیپیکا کی علیحدگی کی خبریں اس وقت گردش کرنا شروع ہوئیں، جب ایک سوشل میڈیا صارف نے یہ دعویٰ کیا کہ اداکار جوڑی کے درمیان تعلقات خراب ہیں۔
عمیر سندھو نامی ایک صارف نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر 27 ستمبر کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے‘۔
دوسری جانب، رنویر سنگھ نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران دیپیکا پڈوکون سے اختلافات یا علیحدگی سے متعلق بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔
اُنہوں نے تقریب میں دیپیکا پڈوکون سے اپنے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم نے 2012ء میں ایک دوسرے سے پہلی ملاقات کی اور اس کے بعد ہمارے درمیان اچھے تعلقات کا آغاز ہوا اور اب 2022ء میرے اور دیپیکا کے ساتھ کو 10 سال مکمل ہوگئے ہیں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’میں دیپیکا پڈوکون کا بہت احترام کرتا ہوں، میں نے اپنی ذاتی زندگی میں بھی ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، وہ سب کے لیے ایک میٹھا سرپرائز ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’آپ لوگ ہمیں بہت جلد اسکرین پر ایک اور فلم میں بھی ساتھ دیکھیں گے‘۔
واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بالی ووڈ کی سپر ہٹ جوڑی ہیں اور یہ دونوں ابھی تک ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی 3 بلاک بسٹر فلموں ’باجی راؤ مستانی‘، ’رام لیلہ‘ اور ’پدماوت‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔