پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاسی تحریکیں کراچی سے شروع ہوئی تھیں، کراچی میں خوشحالی ہوتی ہے تو پاکستان میں خوشحالی ہوتی ہے، اس دفعہ وفاقی حکومت بھی ہماری ہوگی اور سندھ حکومت بھی ہماری ہوگی۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ کے وسائل چوری ہوتے ہیں، ملک سے باہر جاتے ہیں، چاہتا ہوں کراچی کے نوجوان آج بھی ملک کی قیادت سنبھالیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ کراچی میں زرداری مافیا نہ ہوتا تو کراچی ترقی کرتا، لوگ غریب ہوگئے اور یہ امیر ہوگئے، بلدیاتی الیکشن پہلا قدم ہوگا، میں کال دوں گا سارے پاکستان کو کھڑا ہونا ہوگا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ سندھ کا ڈاکو راج اور شریف مافیا کے کرپشن کیسز معاف کیے گئے، یہ ملک کا دیوالیہ نکال کر باہر چلے گئے، کراچی کے لوگوں کو تیار کرنے آیا ہوں، کراچی میں میئر بھی پی ٹی آئی کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے، اگر بڑے بڑے مجرموں کو این آر او ٹو دیا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ طاقتور پیسہ چوری کرکے باہر چلا جائے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں، میں جہاد کر رہا ہوں، میں چاہتا ہوں آپ سب میرے ساتھ ہوں، حقیقی آزادی کیلئے سارے وکلاء کھڑے ہوں، وکلاء قانون کی حکمرانی سمجھتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان کی تحریک بھی دو عظیم وکلاء نے شروع کی تھی، قانون کی حکمرانی کے لیے بھی وکلاء کو دوبارہ کھڑا ہونا ہوگا۔