عمران خان کی پیش کش پر مذاکرات کیلیے حکومت کا اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ

eAwazپاکستان

حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش پر اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی مذاکرات کی پیش کش پر اتحادی جماتوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔

لاہور میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کو ہم نے جیل نہیں بھیجنا، انہوں نے اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل جانا ہے۔جو فرح گوگی نے ٹرانسفر پوسٹنگ کے نام پر پیسے پکڑے ہیں، اور کرپشن کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واحد سیاست دان ہے جو کہتا تھا کہ میں ان کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا اور کل اس نے یوٹرن لے لیا ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف عمران خان کی بات پر ساتھی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کریں گے اور اس کے بعد لائحہ عمل سامنے آئے گا۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہم نے انکار نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں عدم اعتماد پیش کرنی ہے یا نہیں، اس پر فیصلہ نہیں ہوا ۔ اس معاملے پر اپنے قائد نواز شریف سے مشاورت کرنی ہے، پھر پنجاب منیں ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی چھ سات ماہ میں نہیں ہوئی، یہ سابق حکومت کے دور میں بھی تھی۔ اس میں شک نہیں کہ ہم مہنگائی کم نہیں کر سکے، کیونکہ ہم عمران خان دور کی تباہی کو کور کررہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگر پنجاب اور پختونخوا کی اسمبلیاں توڑ بھی دی جائیں تو بھی وفاقی حکومت برقرار رہے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ضمنی یا جنرل الیکشن ہوں تو ہم بہتر پوزیشن سے میں ہوں گے۔پی ٹی آئی کا بیانیہ کوئی پاپولر نہیں۔