وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں،انتہائی بدقسمتی ہے کہ عمران خان جب سے اقتدار سے اترےہیں، وہ الیکشن ہی کا لاگ الاپ رہے ہیں۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے بلاجواز احتجاج سے ملک کو نقصان پہنچ رہاہے، موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں۔
بھارت سے متعلق سوال پر مودی کو گجرات کا قصائی کہنے کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے بلاول بھٹو بولے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم سےمتعلق تاریخی حقیقت دہرائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیلاب کے بعد بحالی کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، وہ منگل کو مقامی تھنک ٹینک سےخطاب بھی کریں گے۔