عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت

eAwazپاکستان

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروئی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھے۔ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے اعتراضات پر بھی قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

سپریم کورٹ کے مطابق کسی ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا۔ سندھ اور لاہور کی ہائی کورٹس نے صرف حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے۔ الیکشن ایکٹ الیکشن کمیشن کو کارروائی کے لیے بااختیار بناتا ہے۔
فیصلے کے مطابق تحریک انصاف نے کارروائی کا اختیار دینے کی دفعہ چیلنج کر رکھی ہے۔ رائج قانون چیلنج ہو تو بھی اس پر عمل درآمد سے روکا نہیں جا سکتا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹس کی جانب سے دیے گئے حکم امتناع سپریم کورٹ میں چیلنج کیے تھے۔