وزیراعظم آج جنیوا کانفرنس میں سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ پیش کریں گے

eAwazپاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف آج سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے ہمراہ ’کلائمیٹ ریزیلنٹ پاکستان‘ کے عنوان سے عالمی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس میں سربراہان مملکت، حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے جس کا کا مقصد 2022 میں پاکستان کی تاریخ کے مہلک اور تباہ کن سیلاب کے بعد عوام اور حکومت کی مدد کے لیے حکومتی نمائندوں، سرکاری اور نجی شعبوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔

دن بھر جاری رہنے والی اس کانفرنس کے 2 اہداف ہوں گے جس کے دوران ’بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک (4 آر ایف)‘ لانچ کیا جائے گا، اس فریم ورک میں سیلاب کے بعد بحالی کے لیے ادارہ جاتی، مالیاتی اور عمل درآمد کے انتظامات شامل ہیں، علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پائیدار صلاحیت کے حصول کی خاطر طویل مدتی شراکت قائم کرنے کے لیے عالمی تعاون بھی شامل ہے۔

کانفرنس کے پہلے حصے میں 4 آر ایف’ کے باضابطہ اجرا اور پارٹنر سپورٹ کے اعلانات کے ساتھ اعلیٰ سطح کے افتتاحی مراحل ہوں گے جن کی مشترکہ صدارت وزیر اعظم شہباز شریف اور انتونیو گوتریس کریں گے، اس مرحلے پر عطیہ دہندگان اور دیگر شراکت دار ’4 آر ایف‘ کے لیے تعاون اور فنڈنگ کا عزم ظاہر کریں۔

کانفرنس کے دوسرے حصے میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی پائیداری اور موافقت پیدا کرنے کے ٹھوس طریقے تلاش کیے جائیں گے۔

ابتدائی سیشن کے اختتام پر ظہرانے کے علاوہ شہباز شریف اور انتونیو گوتریس مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔