ملک گیرانسداد پولیو مہم آج سے شروع، وبا پر جلد مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا

eAwazصحت

وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں برس کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مشترکہ کاوشوں سے اس وبا پر جلد مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اب بھی دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو کے کیسز موجود ہیں، چند برس قطل وہ وقت بھی آیا تھا جب نواز شریف کے دورِ حکومت میں پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران وزیرستان میں پولیو کے 20 کیسز سامنے آچکے ہیں، تاہم یہ وبا پھیلی نہیں اور اس کو وہیں تک محدود کرلیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس مہم میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اس عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دیں، تاریخ میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دوبارہ پولیو کیسز سامنے آنے پر یقیناً پورے پاکستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، انسداد پولیو مہم میں ہمارے ساتھ بل گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’چند روز قبل میری بل گیٹس سے بات ہوئی تھی اور وہ انسداد پولیو مہم میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے پُرعزم ہیں، میں عالمی اداروں سمیت ہمارے ہیلتھ ورکز کا شکر گزار ہوں جو پوری تندہی کے ساتھ اپنے فرض کی ادائیگی کررہے ہیں‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کرے آپ کے کاوشوں سے پولیو کی وبا ہمیشہ کے لیے اس ملک سے چلی جائے اور دوبارہ کبھی اس کو واپس آنے کی ہمت نہ ہو۔