قوم نے ایک بار پھر عمران خان کو اپنی اُمیدوں کا محور ثابت کیا، فواد چوہدری

eAwazپاکستان

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کے رہنما فواد چوہدری نے ضمنی انتخابات کے نتائج میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے ایک بار پھر عمران خان کو اپنی امیدوں کا محور ثابت کیا۔

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کرے، حکومت سے الیکشن کے فریم ورک پر گفتگو کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی سب سے بڑی عدالت یعنی پاکستان کے عوام نے فیصلہ سنایا ہے، اس فیصلے کی توہین ناقابل قبول ہو گی، قوم کا لیڈر صرف عمران خان ہے۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ لانگ مارچ کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں ، لانگ مارچ ایک زوردار قسم کا مارچ ہوگا،جسے منظم طریقے سے پلان کیا ہے ۔

قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا اور اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 5 نشستیں جیت چکے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملیر اور ملتان میں کامیابی حاصل کی ہے۔