روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سویڈن اور فن لینڈ کو خبردار کیا ہے کہ اگر خطے میں امریکی اتحادیوں کے فوجی انفراسٹرکچر کی توسیع کی گئی تو سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پیوٹن نے کریملن میں سویڈن اور فن لینڈ کے نیٹو میں شمولیت کے فیصلے پر کہا کہ ’ہمیں سویڈن اور فن لینڈ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی ان دونوں ممالک کی نیٹو میں شمولیت سے روس کو براہ راست کوئی خطرہ ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’خطے میں امریکی اتحادیوں کے فوجی انفراسٹرکچر کی توسیع پر ماسکو کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ’ہم سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے بعد پیدا ہونے والے خطرات کو دیکھیں گے اور پھر اس کے مطابق اپنے ردِعمل کا اظہار کریں گے۔ ‘
روسی صدر نے اپنا یہ بیان اجتماعی سلامتی کے معاہدے پر دستخط کی 30 ویں سالگرہ اور اجتماعی سلامتی کے معاہدے کی تنظیم (روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، آرمینیا) کے قیام کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔