وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے ٹرولز کے ذریعے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف شرمناک مہم چلائی۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف مہم چلائی گئی، عمران خان نے اپنے ٹرولز کے ذریعے سوشل میڈیا پر شرمناک مہم چلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ 15 منٹ تک عمران خان کے چیف آف اسٹاف کا بیپر ٹی وی پر چلتا رہا، کل عمران خان کو جھوٹ بولتے ہوئے پسینہ بھی آ رہا تھا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 5 سال جھوٹے حلف نامے جمع کرائے، ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہے کہ فارن فنڈنگ کہاں استعمال ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کل عمران خان ٹی وی پر بیٹھ کر وضاحتیں دے رہے تھے، یہ بھی بتا دیتے لیزا سی سے کتنے پیسے لیے اور کیوں لیے، یہ بھی بتاتے چرن جیت سنگھ، ورشا لوتھرا نے فنڈنگ کس لیے دی، غیر ملکی کمپنیوں سے جو فنڈنگ لی گئی وہ کہاں خرچ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کا پیسا پکڑا گیا تو ملک میں انتشار اور انارکی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ انتشار پھیلانا بھی اسی فارن فنڈنگ کے منصوبے کا حصہ ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، نواز شریف کے ساتھ مقابلہ کرتے ہو، اداروں میں تقسیم اور دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ترجمانوں کو ٹرانسکرپٹ دیتے ہیں اور پھر اپنے آپ کو نواز شریف سے ملاتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کو بنانے والوں میں سے ہے، نواز شریف نے اداروں کو بتایا کہ آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہے، آپ نے اداروں کو کہا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، پالیمان کی بالادستی کو نواز شریف نے یقینی بنایا، آپ نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر سے آئین شکنی کروائی، جب چوری اور ڈاکا پکڑا گیا تو چور روز بیٹھ کر الزام لگاتے ہیں۔